تذکرۃ الصالحین از قریۃ الصالحین: حضرت مولانا قاضی محمد شعیب صاحب
ولادت، تدریس، منصبِ قضا اور "آسان حدیث" و "آسان فقہ" کا تذکرہ
قاضی محمد شعیب صاحب بن قاضی محمد یحییٰ بن قاضی محمد ایوب صدیقی پھلتی 1900ء میں بھوپال میں پیدا ہوئے۔ تعلیم و تربیت والد بزرگوار سے حاصل کی، ابتدائی علمی تحصیل مدرسہ احمدیہ میں کی اور وہیں مدرس ہوئے، پھر مدرسہ سلیمانیہ میں فقہ کے مدرس مقرر ہوئے۔
قاضی محمد یحییٰ کے انتقال کے بعد مجلس العلماء کے رکن مقرر کیے گئے، جہاں قضا اور افتاء کے مابین مختلف فیہ مسائل کے فیصلے نہایت عرق ریزی سے تحریر کیے۔ ریاست کے ختم ہونے پر قاضی رضوان الدین کے بعد منصبِ قضا پر فائز ہوئے، جہاں طلاق اور نکاح کے مقدمات شریعت کی روشنی میں فیصل فرمائے۔ پھر اس عہدے سے مستعفی ہو کر خانہ نشین ہو گئے اور زیادہ وقت تلاوتِ قرآن اور یادِ الٰہی میں گزارنے لگے۔
آخر 7 رمضان 1381ھ بمطابق 12 فروری 1962ء کو داعیِ اجل کو لبیک کہا۔ تین صاحبزادے مولوی زبیر صدیقی، عیسیٰ صدیقی اور ہارون صدیقی یادگار چھوڑے۔
تصانیف: قاضی شعیب نے "آسان حدیث" کے نام سے مسند احمد اور دیگر کتبِ حدیث سے احادیثِ شریفہ کے ترجمے کا سلسلہ جاری فرمایا، جو اسی نام سے مقبول ہوا۔ نیز "آسان فقہ" کے نام سے مسائلِ طہارت و نماز شائع کیے۔ بہرحال قاضی شعیب صاحب خوش پوشاک، خشک خوراک اور خوش قسمت عالمِ دین تھے۔
