تذکرۃ الصالحین از قریۃ الصالحین: حضرت مولانا مفتی محمد شریف صاحب
ولادت، تعلیم، مسندِ افتاء اور تدریسی خدمات کا تذکرہ
آپ دو بھائی تھے: مفتی محمد حنیف اور مفتی محمد شریف صاحب۔ بچپن میں یہ یتیم ہو گئے تھے، آپ کی سرپرستی اور تربیت مولانا علاؤ الدین صدیقی پھلتی نے فرمائی جو رشتے میں آپ کے تایا تھے۔ ابتدائی تعلیم آپ نے مولانا علاؤ الدین رحمۃ اللہ علیہ سے حاصل کی، اس کے بعد دارالعلوم دیوبند تشریف لے گئے، وہاں پر آپ حضرت مولانا سید انور شاہ کشمیری رحمۃ اللہ علیہ کی منظورِ نظر خاص شاگردوں میں شامل ہوئے۔
دارالعلوم دیوبند سے فراغت کے بعد ایک عرصے تک ریاست ٹونک کی عدالت العالیہ محکمہ شریعت میں مفتی کے عہدے پر فائض رہے اور آخری عمر تک جمعیت علماء کے پلیٹ فارم سے خدمات سرانجام دیتے رہے۔ آپ کی شادی امتہ العزیز، جو کہ مولانا نصیر احمد کی بیٹی اور شیخ ولی محمد پھلتی خلیفہ سید احمد شہید کی پوتی تھیں، سے ہوئی۔
ہندوستان کے مختلف صوبوں کے مستند عربی مدارس میں تدریسی اور تعلیمی خدمات بھی سرانجام دیں، وعظ و تبلیغ کا سلسلہ بھی جاری رکھا۔ آخری عمر میں دارالعلوم خلیلیہ ٹونک کے صدر مدرسین ہوئے۔ 6 مئی 1966ء میں وفات پائی۔
